0

معروف شاعر,ادیب و ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد انتقال کرگئے.

۹لاہور: 10 فروری 23ء (نیوز لیکس) معروف شاعر، ادیب، ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کر گئے۔

اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے، انتقال کے وقت ان کی عمر 78 برس تھی۔

اہل خانہ کے مطابق امجد اسلام امجد کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔

اہلِ خانہ نے بتایا کہ امجد اسلام امجد کا انتقال رات سوتے ہوئے ہوا ہے، صبح جب انہیں جگانے کی کوشش کی گئی تو ان کا انتقال ہو چکا تھا۔

امجد اسلام امجد 4 اگست 1944ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔

مرحوم امجد اسلام امجد نے 1967ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے (اردو) کیا، 1968ء تا 1975ء ایم اے او کالج لاہور کے شعبۂ اردو میں استاد رہے، اگست 1975ء میں پنجاب آرٹس کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر ہوئے۔

90ء کی دہائی میں امجد اسلام امجد کی خدمات دوبارہ محکمۂ تعلیم کے سپرد کی گئیں اور وہ دوبارہ ایم اے او کالج میں ہی شعبۂ تدریس سے منسلک ہو گئے۔

امجد اسلام امجد نے بطور ڈائریکٹر چلڈرن کمپلیکس بھی ذمے داری بھی نبھائی۔

امجد اسلام امجد نے شاعر، ڈرامہ نگار اور نقاد کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔

امجد اسلام امجد کو 1975ء میں ٹی وی ڈرامہ ’خواب جاگتے ہیں‘ پر گریجویٹ ایوارڈ ملا۔

امجد اسلام امجد 1980ء کے وارث جیسے شہرۂ آفاق ڈرامے کے خالق بھی رہے ہیں، ان کے دیگر مشہور ڈراموں میں دن اور فشار شامل ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں