0

ہاکی کوچ و سابق انٹرنیشنل کھلاڑی رانا ظہیر انتقال کرگئے.

لاھور:18مارچ23ء(نیوز لیکس ڈاٹ پی کے) سابق انٹرنیشنل ہاکی کوچ پاکستان سینئر و جونیئر ہاکی ٹیم رانا ظہیر احمد،ڈائریکٹر رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی مختصر علالت کے بعد رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے اناللہ وانا الیہ راجعون، مرحوم کی نماز جنازہ آج بمورخہ 18 مارچ ، 10:00 بجے شب ، 300 راوی بلاک علامہ اقبال ٹاون لاھور ادا کی جائیگی۔رانا ظہیر احمد کے انتقال پر پاکستان ہاکی فیڈریشن عہدیداران سمیت اولمپیئنز ، انٹرنیشنل کھلاڑیوں، ٹیکنیکل آفیشلز، ایمپائرز سمیت ہاکی کمیونٹی سے وابسطہ شخصیات نے تعزیت پیغام بھجوائے۔
رانا ظہیر احمد جن کا آبائی شہر جھنگ سے تعلق تھا ثانوی تعلیم کے بعد بطور کھلاڑی لاہور میں اسلامیہ کالج سول لائینز میں داخل ہوئے۔ فل بیک پوزیشن پر کھیلنے والے رانا ظہیر احمد نے بطور کھلاڑی پاکستان یونیورسٹیز ہاکی ٹیم کی نمائیندگی سمیت کئی محکمہ جات سے اپنے پروفیشنل کیریئر کی منازل طے کی۔ ایم اے او کالج میں مزید تعلیم کے حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ قومی کھیل کے انتظامی امور بالخصوص کوچنگ میں دلچسپی نے رانا ظہیر احمد کی ذات میں پنہاں ہاکی کوچ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے۔ بطور کوچ پنجاب گروپ آف کالجر، ایم اے او کالج، پاکستان ریلویز، پی ٹی سی ایل، سوئی سدرن گیس سمیت دیگر محکمہ جات میں اپنی صلاحیتوں کا جادو جگایا۔ رانا ظہیر احمد نے لاہور میں رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کی بنیاد ڈالی اور منفرد انداز میں قومی کھیل کی خدمت سرانجام دی۔ قومی کھیل اور کھلاڑی سے انسیت انکی ذات کا خاصہ تھی۔ بطور کوچ انہوں نے رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی میں لاتعداد نامور کھلاڑی پیدا کئے جن میں اولمپیئنز ، انٹرنیشنل کھلاڑیوں ، ٹیکنیکل آفیشلز اور مردوخواتین انٹرنیشنل ایمپائرز بھی شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے انکو مختلف اوقات میں پاکستان سینیئر اور پاکستان جونیئر ہاکی ٹیموں کی کوچنگ کے فرائض تفویض کئے گئے جوکہ انہوں نے بخوبی نبھائے۔ گراس روٹ لیول سے انٹرنیشنل سطح تک کا سفر کرنے والے رانا ظہیر احمد آج راہی ملک عدم ہوئے۔ گذشتہ ایک ماہ سے طبی مسائل کا شکار رانا ظہیر احمد موت کے ہاتھوں آج زندگی کا یہ میچ ہار گئے۔
سابق انٹرنیشنل ہاکی کوچ رانا ظہیر احمد کی وفات پر پاکستان اور بیرون ممالک میں ہاکی سے وابستہ شخصیات نے گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل حیدر حسین، جی ایم ویمنز ونگ تنزیلہ عامر چیمہ, جی ایم پنجاب راحت خان, ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب چاند پروین, وہمنز آفیشلز عابدہ تنویر, ثمن رشید, واپڈا ویمنز ٹیم کوچ سحرش گھمن, چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن کلیم اللہ خان، اولمپین ناصر علی، اولمپیئن رحیم خان، اولمپیئن شکیل عباسی، کنوینیئر پی ایچ ایف ایمپائرز کمیٹی و ایف آئی ایچ ایمپائرز مینجر راشد بٹ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک پاکستان سید محمد ظاہر شاہ، کوآرڈنیٹر پی ایچ ایف سید علی عباس,میڈیا منیجر وقاص شیخ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک پنجاب رائے عثمان اکبر، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کرنل ر محمد آصف ناز کھوکھر، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن و کوآرڈینیشن میجر ر جاوید ارشد منج،قومی ڈریگ فلکر کوچ رانا زبیر ریاض، رانا سہیل ریاض انٹرنیشنل، عرفان ضیا سیکرٹری ڈار ہاکی اکیڈمی سمیت پاکستان ہاکی سے وابسطہ شخصیات نے اپنے تعزیتی پیغامات میں گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں