0

گوجرہ:استاد اسلم روڈا رمضان ہاکی ٹورنامنٹ :واپڈا اور ماڑی پیٹرولیم فائنل میں پہنچ گئے.

استاد اسلم روڈا رمضان ہاکی ٹورنامنٹ :واپڈا اور ماڑی پیٹرولیم فائنل میں

سیمی فائنل میں پاکستان آرمی کو شکست ،نوید عالم اور سفیان نے دو دو گول اسکور کئے

واپڈا کے خلاف نیوی کی ہٹ دھرمی ،امپائر کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار، میدان چھوڑ دیا

گوجرہ : 29 مارچ 23ء(نیوز لیکس)پاکستان واپڈا اورماڑی پٹرولیم نے پہلے آل پاکستان استاداسلم روڈا رمضان المبارک فلڈ لاءٹس ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی ،سیمی فائنل میں پاکستان نیوی اور پاکستان آرمی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر نگرانی اور ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام گوجرہ کے انٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری استاد اسلم روڈا میموریل رمضان ہاکی ٹورنامنٹ کے چھٹے روز دونوں سیمی فائنل کھیلے گئے جو پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کئے گئے ۔ اس موقع پرٹورنامنٹ ڈائرکٹر اولمپئن ریحان بٹ ،عرفان سینئر،بابرعبداللہ،خاور جاوید،چیف کوآرڈی نیٹر لیاقت بھٹہ،اولمپئن طارق عمران ،امپائر منیجر ذوالفقار حسین،منور حسین،اصغر اعوان ،مقصود احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ پہلے سیمی فائنل میں واپڈا اور پاکستان نیوی کی ٹیموں کے درمیان دل چسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا ،پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر تھا دوسرے کوارٹر میں 30ویں منٹ میں واپڈا کے حنان شاہد نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی ۔ چوتھے کوارٹر میں 55ویں منٹ میں واپڈا کے خلاف نیوی کو پنالٹی اسٹروک دیا گیاجسے بعد میں دونوں امپائرز نے مشاورت کے بعدپنالٹی کارنر میں تبدیل کر دیا ،اس فیصلے کے خلاف نیوی کی ٹیم نے میچ جاری رکھنے سے انکار کرتے ہوئے گراءونڈ اور میچ چھوڑ دیا ،ٹورنامنٹ انتظامیہ ،ٹیکنیکل کمیٹی اور جیوری نے نیو ی کے کوچ اور منیجر کو میچ کی وڈیو دکھا کر مطمئن کرنے کی بھر پور کوشش بھی کی تاہم نیوی کے آفیشلز میچ جاری رکھنے سے مسلسل انکار کرتے رہے،حنان شاہد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ اس میچ کو عرفان طاہر اور یاسر خورشید نے سپروائز کیا جبکہ اسد عباس ریزرو امپائر تھے ۔ عقبہ وڑاءچ پہلے سیمی فائنل کے مہمان خصوصی تھے میچ سے قبل ان کا دونوں ٹیموں سے تعارف کروایا گیا ۔ دوسرے سیمی فائنل میں ماڑی پیٹرولیم نے پاکستان آرمی کو آءوٹ کلاس کرتے ہوئے ٹینس اسکور6-2سے فتح سمیٹ کر ٹاءٹل میچ کے لئے کوالیفائی کیا ۔ ماڑی پیٹرولیم کو ہاف ٹائم پر 3-1سے سبقت حاصل تھی ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے سفیان خان اور نوید عالم نے دو دو جبکہ حافظ عبداللہ اور ارشد لیاقت نے ایک ایک گول اسکور کیا ۔ آرمی کی جانب سے عماد اور سمیع اللہ نے ایک ایک گول اسکور کر کے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی ۔ اس میچ کو حافظ عاطف اور محمود علی نے سپر وائز کیا جبکہ ایم اویس ریزروامپائر تھے ۔ وقار علی اور جنید کو مشترکہ مین آف دی میچ قرار دیا گیا ،اس میچ کے مہمان خصوصی حاجی عبدالرشید تھے جن کا میچ سے قبل دونوں ٹیموں سے تعارف کروایا گیا ۔ فائنل میں واپڈا اور ماڑی پیٹرولیم کی ٹی میں مد مقابل ہونگی ،اختتامی تقریب میں لاہور قلندرز کی ٹیم کے کھلاڑی بھی شرکت کریں گے ۔ لاہور قلندرز کے سی ای اوعاطف رانا اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید مہمان خصوصی ہونگے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں