لاہور : پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ ہائی پرفارمنس، طاہر زمان کی زیرِ نگرانی آن لائن کوچنگ سیشن کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ اس تربیتی پروگرام کے اگلے مراحل میں نشستیں بالمشافہ (ان پرسن) بھی منعقد کی جائیں گی تاکہ کوچز کو عملی تربیت فراہم کی جا سکے۔
سیشن کے پہلے روز جدید ہاکی کے تقاضوں سے ہم آہنگ اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی جس میں جدید دور کے مطابق کوچ کی بنیادی ذمہ داریوں، قائدانہ صلاحیتوں اور کھلاڑیوں کی مؤثر رہنمائی کے اصولوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ جدید حکمتِ عملی، کھلاڑیوں کی تکنیکی و ذہنی نشوونما، مؤثر گیم مینجمنٹ اور جدید ٹیکٹیکل اپروچ سے متعلق کوچز کو تربیت دی گئی۔
جدید ہاکی کے عالمی رجحانات، عملی حکمتِ عملی اور کھیل کے میدان میں بہترین نتائج کے حاصل کے لیے شرکاء کے درمیان اعلیٰ سطح کی گفتگو ہوئی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک بھر میں کوچنگ کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور قومی ہاکی کے مستقبل کی بنیادوں کو مستحکم بنانا ہے۔
تربیتی شیڈول کے مطابق اگلے مرحلے میں سندھ اور بلوچستان کے کوچز کے لیے کورس کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے بعد پنجاب اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے کوچز اس اہم سیشن میں شرکت کر سکیں گے۔


