قومی کھیل ہاکی، جو کبھی پاکستان کی پہچان اور عالمی میدانوں میں ہماری برتری کی علامت ہوا کرتا تھا، طویل عرصے تک انتظامی جمود، وسائل کی کمی اور بین الاقوامی تنہائی کا شکار رہا۔ تاہم، پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی صدارت سنبھالنے کے بعد جناب محی الدین احمد وانی نے جس وژن، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی اقدامات کا مظاہرہ کیا ہے، اس نے نہ صرف مردہ پڑی ہاکی میں نئی روح پھونک دی ہے بلکہ ملک بھر کے کھلاڑیوں اور شائقین میں ایک نئی امید بھی جگا دی ہے۔ ان کی قیادت میں فیڈریشن نے مختصر وقت میں ترقی کی وہ نئی منازل طے کی ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں میں نظر نہیں آئیں۔
کسی بھی کھیل کی بقا اور مقبولیت کے لیے مضبوط ڈومیسٹک ڈھانچہ اور کمرشل استحکام ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ محی الدین احمد وانی کا سب سے تاریخی اور انقلابی کارنامہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان ہاکی لیگ (PHL) کے انعقاد کا باضابطہ اعلان ہے۔ یہ لیگ نہ صرف مقامی کھلاڑیوں کو مالی طور پر مستحکم کرے گی بلکہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کر کے پاکستان ہاکی کو عالمی نقشے پر دوبارہ نمایاں کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں نچلی سطح (گراس روٹ) پر ہاکی کے احیا کے لیے اسکولز ہاکی لیگ کا ملک گیر اجرا اور مختلف ڈویژنز، بشمول کراچی، سکھر، خیرپور اور سانگھڑ کے سینکڑوں اسکولوں میں ہزاروں ہاکی اسٹکس اور سامان کی مفت تقسیم اس بات کا ثبوت ہے کہ قیادت مستقبل کی نرسری تیار کرنے میں سنجیدہ ہے۔ نامور کمپنیوں کی جانب سے قومی کھیل کو اسپانسرز کا سلسلہ جاری یے۔ جس سے قومی کھیل کو مزید حوصلہ ملے گا۔
عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کی ساکھ بحال کرنے کے لیے فیڈریشن کی کاوشیں ثمر آور ثابت ہوئی ہیں۔ ایک طویل انتظار اور برسوں کی محرومی کے بعد قومی ٹیم کا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ مزید برآں، عالمی ہاکی فیڈریشن (FIH) کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے اور ایف آئی ایچ نیشنز کپ 2027 کی میزبانی کا معاہدہ طے پانا ایک بڑی سفارتی و انتظامی کامیابی ہے۔ پاکستان کے میدان ایک بار پھر بین الاقوامی مقابلوں سے آباد ہو رہے ہیں؛ غیر ملکی ٹیموں میں کوریا اور اسکے بعد چین کی گوانگ ڈونگ ہاکی ٹیم کے دورہ پاکستان اور اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرہ، نارووال اور لاہور میں کامیاب ٹیسٹ سیریز کے انعقاد نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان عالمی کھیلوں کے لیے ایک محفوظ اور پُرجوش ملک ہے۔
بین الاقوامی تجربے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محی الدین احمد وانی نے صرف سینئر ٹیم تک توجہ محدود نہیں رکھی بلکہ انڈر 18، انڈر 21 (جونیئر) اور سینئر قومی ٹیموں کے لیے تسلسل کے ساتھ بین الاقوامی ٹورز کا اہتمام کیا۔ غیر ملکی کوچز کو پاکستان بلاکر مینز و ویمنز کھلاڑیوں سمیت کوچز کو تربیت دی گئی۔قومی سطح پر یوتھ انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ جیسے مقابلوں کے ذریعے نیا ٹیلنٹ سامنے لایا گیا اور کوچنگ کے معیار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایف آئی ایچ کوچنگ ایجوکیشن پروگرام کے تحت ملکی کوچز کی تربیت کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ ساتھ ہی، کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم سمیت ملک بھر کے ہاکی اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
اس دورِ صدارت کا ایک اور روشن باب خواتین ہاکی میں اٹھائے جانے والے انقلابی اقدامات ہیں۔ ماضی میں نظر انداز کی جانے والی خواتین کھلاڑیوں کو پہلی بار مساوی مواقع فراہم کیے گئے۔ ملک بھر سے 150 سے زائد خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل تاریخ کا سب سے بڑا تربیتی کیمپ لگایا گیا اور جونیئر ویمنز نیشنل چیمپئن شپ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس محنت کا نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انڈر 18 اور جونیئر ویمنز ہاکی ٹیموں نے بین الاقوامی سطح کے ایونٹس میں شرکت کر کے سبز ہلالی پرچم بلند کیا، جو ملکی کھیلوں کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
مختصر یہ کہ محی الدین احمد وانی نے پی ایچ ایف کی صدارت سنبھالنے کے بعد محض بیانات کے بجائے عملی کارکردگی کو اپنا شعار بنایا ہے۔ اسکولوں کے میدانوں سے لے کر عالمی کپ تک، اور جونیئر ویمنز ٹیموں سے لے کر پاکستان ہاکی لیگ تک، ہر محاذ پر ہونے والی پیش رفت اس بات کی غماز ہے کہ اگر قیادت مخلص اور باصلاحیت ہو تو زوال پذیر اداروں کو بھی عروج پر پہنچایا جا سکتا ہے۔ بلاشبہ، پاکستان ہاکی اب درست سمت میں گامزن ہے اور وہ دن دور نہیں جب قومی ٹیم ایک بار پھر عالمی چیمپئن بن کر ابھرے گی۔

