اسلام آباد (نیوز لیکس)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب اور اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے اشتراک سے گراؤنڈز لیول پر ہاکی کی بحالی کے پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز 21 اگست 2026 کو راولپنڈی ڈویژن سے کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں لانچنگ تقریب 21 اگست کو صبح 10 بجے راولپنڈی میں منعقد ہوگی، جس میں ڈویژن کے 100 سے زائد اسکولوں میں انڈر 15 بوائز اور گرلز ہاکی ٹیموں کے قیام اور استحکام کے لیے ہاکی کا ضروری سامان اور کٹس تقسیم کی جائیں گی۔
پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق فراہم کیا جانے والا سامان اسکولوں میں باقاعدہ تربیتی سرگرمیوں، مقابلوں میں شرکت اور کم عمر کھلاڑیوں کی بنیادی سطح پر صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوگا۔
یہ اقدام حکومت پنجاب کے متعلقہ محکموں سے مشاورت کے بعد اٹھایا جا رہا ہے، جو پاکستان ہاکی فیڈریشن، پنجاب ہاکی فیڈریشن اور صوبائی حکومتوں کے اس وسیع عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہاکی کو اسکول کی سطح سے دوبارہ فروغ دیا جائے اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے ایک پائیدار نظام قائم کیا جائے۔
راولپنڈی میں اس پروگرام کا آغاز ملک گیر گراؤنڈز لیول ہاکی بحالی پروگرام کی بنیاد بنے گا، جسے مرحلہ وار ملک کے دیگر ڈویژنز اور صوبوں تک وسعت دی جائے گی۔
پروگرام کے تحت اسکولوں کو ہاکی کٹس اور ضروری کھیلوں کا سامان فراہم کیا جائے گا، انڈر 15 اسکول ہاکی ٹیمیں قائم اور مضبوط کی جائیں گی جبکہ لڑکوں اور لڑکیوں کو ہاکی کھیلنے کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ گراؤنڈز لیول پر کوچز کی تربیت اور سرٹیفکیشن، اسکول کی سطح پر باقاعدہ ہاکی مقابلوں کا انعقاد، باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی اور انہیں آگے لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
پروگرام کے ذریعے اسکول ہاکی سے ضلعی، صوبائی اور قومی ٹیموں تک کھلاڑیوں کے لیے ایک منظم اور مؤثر راستہ بھی تشکیل دیا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی کو اسکولوں اور کمیونٹیز میں دوبارہ فعال بنانے کی اس قومی کوشش میں حکومت پنجاب اور دیگر صوبائی حکومتوں کے تعاون اور حمایت کو سراہا ہے۔
پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق پاکستان ہاکی کی بحالی کا سفر گراس روٹ سے شروع ہوتا ہے، اور اس سفر کا آغاز راولپنڈی سے کیا جا رہا ہے۔


