کراچی (نیوز لیکس)سندھ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور صدر سندھ تائیکوانڈو کامران قمر قریشی کی نگرانی میں، “سندھ انٹرا سکول تائیکوانڈو چیمپئن شپ” کے دوسرے ایڈیشن کا جلد انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس ایونٹ کے لیے تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور جلد ہی حتمی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔
اس موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں کامران قمر قریشی نے کہا، اس ایونٹ کا مقصد اسکول کی سطح پر تائیکوانڈو کے کھیل کو فروغ دینا اور نوجوان صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بچے نہ صرف کھیل میں حصہ لیں بلکہ اس کے ذریعے نظم و ضبط، توجہ اور کامیابی کے اصول بھی سیکھیں۔
یاد رہے کہ اس ایونٹ کو پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ایونٹ کے تعاون میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن، تائیکوانڈو کراچی، کامبیکس، ای سی ایس، FKs تائیکوانڈو فیملی اور اکرام انٹرپرائزز جیسے معتبر نام شامل ہیں۔
تمام اسکولوں کو مدعو کیا جاتا ہے کہ وہ اس چیمپئن شپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے طلباء کی تائیکوانڈو کی مہارتوں کو اجاگر کرنے کا یہ موقع ضائع نہ کریں۔ چیمپئن شپ سے متعلق مزید تفصیلات اور رجسٹریشن کا عمل جلد ہی جاری کر دیا جائے گا۔


