Loading ...

News Leaks

لوڈ ہو رہا ہے...
بریکنگ نیوز

تائیکوانڈو نوجوانوں میں نظم وضبط ، خوداعتمادی پیدا کرتا ہے، کامران قمر قریشی

کراچی (نیوز لیکس) تائیکوانڈو نوجوانوں میں نظم وضبط ، خوداعتمادی پیدا کرتا ہے، کامران قمر قریشی
ایف کیز تائیکوانڈو اینڈ فٹنس اکیڈمی کے بیلٹ ٹیسٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، کامیاب طلباء کی اگلے درجات میں ترقی

ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی بنیادی تکنیک، ککس، پنچز، دفاعی مہارت، جسمانی فٹنس، نظم و ضبط اور کارکردگی کو جانچا گیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) تائیکوانڈو کے کھیل میں نوجوان نسل کو آگے بڑھانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے سلسلے میں ایف کیز تائیکوانڈو اینڈ فٹنس اکیڈمی کے زیرِ اہتمام بیلٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ننھے اور نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے اپنی فنی مہارت، جسمانی استعداد اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ کیا۔ کامیاب کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے بیلٹ درجات میں ترقی دے دی گئی۔بیلٹ ٹیسٹ سندھ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے صدر، انٹرنیشنل کوچ و ریفری اور بلیک بیلٹ ففتھ ڈان ماسٹر کامران قمر قریشی کی خصوصی نگرانی میں منعقد ہوا۔ ٹیسٹ کے دوران کھلاڑیوں کی بنیادی تکنیک، ککس، پنچز، دفاعی مہارت، جسمانی فٹنس، نظم و ضبط اور مختلف عملی مراحل میں کارکردگی کو جانچا گیا۔ نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور اعتماد اور محنت کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔بیلٹ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے اگلے درجات میں ترقی پانے والے کھلاڑیوں میں اوج بدر، ایم وارث، منیزہ بدر، اقصیٰ، عمل، عبیرہ، مسلم، زینب، خدیجہ بدر اور ایم باسل شامل ہیں۔ کامیاب کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مستقبل میں بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ تربیت جاری رکھنے کی تلقین کی گئی۔ٹیسٹ کے انعقاد میں نور احمد، فصیح الدین، فیضان مجید اور منیزہ اکرم نے بھی اہم ذمہ داریاں انجام دیں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے سمیت ٹیسٹ کے مختلف مراحل کو کامیابی سے مکمل کرانے میں اپنا کردار ادا کیا۔اس موقع پر بچوں کے والدین بھی موجود تھے، جنہوں نے اکیڈمی کی تربیتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تائیکوانڈو بچوں کی جسمانی صحت کے ساتھ ان میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، برداشت اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ والدین کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں بچوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا انتہائی ضروری ہے۔ماسٹر کامران قمر قریشی نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تائیکوانڈو محض ایک کھیل نہیں بلکہ شخصیت سازی اور نظم و ضبط کا ذریعہ بھی ہے۔ مسلسل محنت، باقاعدہ تربیت اور اپنے مقصد سے وابستگی نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل میں بڑی کامیابیوں سے ہمکنار کرسکتی ہے۔تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں اور والدین کے ساتھ گروپ فوٹو بنائے گئے جبکہ ننھے تائیکوانڈو کھلاڑیوں کے ہمراہ یومِ دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر روزنامہ پاکستان اسپورٹس بلیٹن اور فریڈم نیوز کراچی کے سی ای او محمد ریحان اکرم کو شیلڈ بھی پیش کی گئی، جس پر انہوں نے اکیڈمی انتظامیہ اور آرگنائزر کا شکریہ ادا کیا۔ایف کیز تائیکوانڈو اینڈ فٹنس اکیڈمی کا یہ بیلٹ ٹیسٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا ایک اہم موقع ثابت ہوا، جبکہ ماسٹر کامران قمر قریشی کی زیرِ نگرانی تائیکوانڈو کے فروغ اور نوجوان نسل کو کھیل کے میدان میں آگے لانے کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
کیپشن
ایف کیز تائیکوانڈو اینڈ فٹنس اکیڈمی کے بیلٹ ٹیسٹ میں کامران قمر قریشی کا شرکاء کے ہمراہ گروپ فوٹو

Share the Post:

Related Posts

Scroll to Top