لاہور(نیوز لیکس) کوچنگ ایجوکیشن اور یوتھ ڈویلپمنٹ کے لیے 100 ملین کا معاہدہ، پاکستان ہاکی درست سمت میں گامزن ہے: اولمپین طاہر زمانانڈر-18 ٹیم نے ایشیا کپ میں برانز میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا، سینئر ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار، اولمپین طاہر زمان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ، اولمپین طاہر زمان نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف کی موجودہ انتظامیہ کی سمت بالکل واضح ہے اور ملک میں ہاکی کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پارکو (PARCO) کے مابین ہونے والے 100 ملین روپے کے تاریخی معاہدے کو پاکستان ہاکی کے لیے گیم چینجر قرار دیا ہے۔اولمپین طاہر زمان نے بتایا کہ پارکو او پی ایچ ایف کے تعاون سے یہ خطیر رقم اگلے دو سالوں کے دوران خاص طور پر “کوچنگ ایجوکیشن پروگرام” اور “یوتھ ڈویلپمنٹ” کے لیے صرف کی جائے گی۔ انہوں نے ایک مشہور مقولے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “اچھے استاد ہی اچھے شاگرد پیدا کر سکتے ہیں”۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ملک بھر کے کوچز کی فلاسفی، ٹیچنگ اسکلز اور اسپورٹس سائنسز میتھڈالوجی میں یکسانیت (Uniformity) لانا ہے تاکہ نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت ایک جدید اور مربوط نظام کے تحت کی جا سکے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ نے یوتھ ایشیا کپ میں پاکستان انڈر-18 ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر پوری ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان نوجوان کھلاڑیوں کا یہ طویل سفر آگے بھی کامیابی سے جاری رہے گا۔اولمپین طاہر زمان نے بتایا کہ پاکستان کی سینئر ہاکی ٹیم بھی اپنا تربیتی کیمپ مکمل کرنے کے بعد پرو لیگ (Pro League) کے اہم میچز کھیلنے کے لیے بیلجیم اور انگلینڈ روانہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سینئر ٹیم یورپ کے اس کٹھن دورے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی کا ہاکی کی ترقی و ترویج کا ویژن ہے اور ہمارے اسپانسرز کا قومی کھیل پر اعتماد بحال ہورہا ہے وہ پاکستان ہاکی کے مستقبل کیلئے ایک روشن مثال ثابت ہوگا۔


