آسلام آباد (نیوز لیکس ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام الاسکا بیٹریز ،پی ٹی سی ایل اور پارکو کے تعاون سے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں 2 جولائی تا 9 جولائی کھیلے جانے والا پرائم منسٹر نیشنل ویمنز انڈر-21 ہاکی چیمپئن شپ 2026 کے میچز شیڈول کا باضابط اعلان ہوگیا۔ ملک میں جاری شدید گرمی اور سخت موسم کے پیشِ نظر کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے میچز کے دورانیے میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ جو کہ ٹیم منیجرز کی متفقہ مشاورت کے بعد اعلان کردیا جائے گا۔
ایونٹ میں ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے لیے قوانین کے مطابق احتجاج کا طریقہ کار بھی واضح کیا گیا ہے۔ کسی بھی فیصلے کے خلاف ٹیم منیجر مقررہ وقت کے اندر ٹھوس دستاویزی شواہد مقررہ فیس کے ساتھ احتجاج درج کرانے کا مجاز ہوگا۔ اگر احتجاج درست ثابت ہوا تو مقررہ فیس واپس کردی جائے گی۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے آئی ہوئی 13 ٹیموں کو 4 مختلف پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پول اے میں پنجاب-اے، گلگت بلتستان، اسٹار ویمن اکیڈمی-بی۔
پول بی میں کے پی کے-اے، سندھ-بی، مردان ، اے جے کے۔
پول سی میں سندھ-اے، کے پی کے-بی، اسلام آباد۔
جبکہ پول ڈی میں پنجاب-بی، اسٹار اکیڈمی-اے، اولمپین ذاکر اکیڈمی۔ شامل ہونگی۔
ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 2 جولائی 2026 (جمعرات) سے ہو رہا ہے۔ شیڈول کے مطابق افتتاحی روز پہلا میچ مردان اور اے جے کے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں گلگت بلتستان کا مقابلہ اسٹار اکیڈمی-بی سے، تیسرے میچ میں کے پی کے-اے کا سندھ-بی سے اور چوتھے میچ میں پنجاب-بی کا مقابلہ اسٹار اکیڈمی-اے سے ہوگا۔
پول میچز: 2 جولائی سے شروع ہو کر 6 جولائی 2026 (پیر) تک جاری رہیں گے۔ 7 جولائی 2026 (منگل) کو ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔پولز کی ٹاپ ٹیموں کے درمیان دونوں سیمی فائنل میچز بدھ کے روز کھیلے جائیں گے۔چیمپئن شپ کا فائنل اور تیسری/چوتھی پوزیشن کا اہم میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔


