Loading ...

News Leaks

لوڈ ہو رہا ہے...
بریکنگ نیوز

سندھ تائیکوانڈو گراس روٹ سے تائیکوانڈو فروغ کرنے میں کوشاں ہے۔ قمر کامران قریشی

کراچی (نیوز لیکس) سندھ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی زیرِ نگرانی کوکی وان ڈان گریڈنگ ٹیسٹ کا انعقاد اتوار کے روز کراچی تائیکوانڈو ہیڈکوارٹر (KST) میں کامیابی سے عمل میں آیا، جس میں کراچی اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 60 کے قریب مرد و خواتین کھلاڑیوں نے اپنے فن کے جوہر دکھائے۔
سندھ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق ادارہ باقاعدگی سے بیلٹ ٹیسٹنگ، گریڈنگ امتحانات اور تکنیکی تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرتا ہے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کی مہارت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق استوار کیا جا سکے۔ کوکی وان گریڈنگ ٹیسٹ کے دوران 4 امیدواروں نے سیکنڈ ڈان بلیک بیلٹ جبکہ دیگر شرکاء نے فرسٹ ڈان بلیک بیلٹ کے امتحان میں حصّہ لیا۔ ڈان گریڈنگ امتحان میں حیدرآباد سے 3 کھلاڑی شریک ہوئے، جبکہ دیگر شرکاء کراچی کی مختلف نامور تائیکوانڈو اکیڈمیوں کی نمائندگی کر رہے تھے۔
ٹیسٹ کی مجموعی نگرانی ٹیسٹنگ کمیٹی کے چیئرمین کامران قمر قریشی نے کی، جبکہ امتحانی پینل میں ایم فراز عثمان، نور احمد اور مونیزا اکرم شامل تھے۔ امیدواروں کی جانچ بنیادی دستی تکنیک (Hand Techniques)، دفاعی مہارت، کِکنگ، پومسے (Patterns) اور کیوروگی (Sparring) کے طے شدہ بین الاقوامی معیار کے مطابق کی گئی۔
تقریب میں سندھ تائیکوانڈو ویمن ونگ کی صدر ماجدہ حمید، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ایسٹ اسماعیل شاہ سمیت صوبہ بھر سے سینئر تائیکوانڈو عہدیداران اور سپورٹس شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر سندھ تائیکوانڈو کامران قمر قریشی و دیگر مقررین نے کہا کہ سندھ اور کراچی تائیکوانڈو باہم مل کر نچلی سطح سے عالمی سطح تک کھیل کے فروغ، معیاری کوچنگ اور باقاعدہ امتحانات کے ذریعے نوجوانوں کو سنہرے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوکی وان ٹیسٹ پاس کرنے والے کامیاب شرکاء کو براہِ راست کوریا سے سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے، جبکہ ناکام رہنے والے کھلاڑیوں کے لیے جلد دوبارہ گریڈنگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
منتظمین نے ایونٹ کو خوش اسلوبی سے انجام دینے پر گریڈنگ ٹیسٹ کوآرڈینیشن ٹیم کے اراکین فصیح الدین، خلدون راجہ، طلحہ خان، ریاض احمد، ثاقب اکرام، عبدالرحیم، عباد الرحمن، محمد ادرک اور عظمان کامران کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبہ سندھ میں تائیکوانڈو کے تکنیکی معیار کو مزید بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔

Share the Post:

Related Posts

Scroll to Top