اسلام آباد (نیوز لیکس)پاکستان اور کوریا کی قومی ہاکی ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ٹیسٹ میچز سیریز کے پہلے معرکے میں پاکستان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 1 کے مقابلے میں 3 گول سے زیر کر لیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی آئی پی سی سیکرٹری و پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی اور کورین ایمبسڈر پارک کی جون بھی موجود تھے۔ مزکورہ پاکستان میں منعقد میچ ایف آئی ایچ کے TMS میں پہلی بار تفصیلات شائع کی گئیں ۔
پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم بعد ازاں قومی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور میچ کے 21 ویں منٹ میں محمد سفیان خان نے پینلٹی کارنر کے ذریعے پہلا گول داغ کر پاکستان کو برتری دلائی۔ کوریا کی جانب سے ینگ جی ہان نے 29 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
ہاف ٹائم سے ٹھیک قبل 30 ویں منٹ میں محمود ابو بکر نے خوبصورت گول کر کے پاکستان کی برتری 2-1 کر دی۔ تیسرے کوارٹر میں سفیان خان نے 38 ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کر کے پاکستان کی فتح یقینی بنا دی۔
اس اہم مقابلے کی ایمپائرنگ کے فرائض ہارون رشید اور یاسر خورشید نے انجام دیے، جبکہ ٹیکنیکل آفیسر کے فرائض محمد جاوید نے سنبھالے۔ میچ میں بطور ججزوقاص احمد اور مرزا جاوید ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ اس موقع پر ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ شفیق بھٹی، ایمپائر منیجر فیض محمد فیضی ، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد وقاص شیخ ، پی ایچ ایف کیمپ کوآرڈینیٹر لفٹننٹ کرنل ر عبدالناصر اخونزادہ، چیف کوآرڈینیٹر اینڈ آپریشن نجیب خٹک کے علاوہ دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔


