اسلام آباد (نیوز لیکس)پاكستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر سیاسی اور تعصبانہ تبصرہ کرنا بھارتی سیاسی رہنما بھوبیج گورگ کو سستے کے بجائے کافی مہنگا پڑ گیا۔ پی ایچ ایف کے میڈیا منیجر کے ’حدِ ادب‘ والے حاضر دماغی کے کرارے جواب کے بعد موصوف کو میدان چھوڑ کر فرار ہونا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق، پی ایچ ایف کے آفیشل پیج پر جاری ایک پوسٹ پر بھارتی سیاسی رہنما بھوبیج گورگ نے تعصب سے بھرپور تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم کی کارکردگی پر طنزیہ سوالات اٹھائے۔ اس پر پی ایچ ایف کے میڈیا منیجر محمد وقاص شیخ نے فوری اور برجستہ جواب دیتے ہوئے بھارتی رہنما کی تاریخ اور حافظہ دونوں درست کر دیں۔
“پرفارمنس دیکھنی ہے تو رافیل اور ابھی نندن سے پوچھ لیں”
میڈیا منیجر نے بھارتی رہنما کو تاریخ یاد دلاتے ہوئے لکھا:
“پاکستان آج بھی ہاکی کا 4 مرتبہ کا عالمی چیمپئن ہے، جبکہ بھارت صرف ایک بار ہی یہ اعزاز حاصل کر سکا ہے۔”
بات یہی ختم نہیں ہوئی! کارکردگی پر طنز کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ “اگر آپ کو ہماری پرفارمنس دیکھنے کا اتنا ہی شوق ہے، تو ذرا اپنے ‘رافیل’ اور ‘ابھی نندن’ سے پوچھ لیں، وہ آپ کو ہماری پرفارمنس کے بارے میں بہتر بتا دیں گے!” جس کے بعد سوشل میڈیا پر میڈیا منیجر وقاص شیخ کے کمنٹس کی تعریفوں کے پل بندھ گئے۔
اس کرارے جواب کے بعد بھارتی رہنما کو مزید کچھ سوجھا نہیں اور وہ کمنٹ سیکشن سے غائب ہو گئے۔ دوسری جانب، پاکستانی ہاکی شائقین اور صارفین نے پی ایچ ایف میڈیا منیجر وقاص شیخ کے اس جاندار انداز کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔
شائقین کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کے آفیشل ایڈمن اکاؤنٹ کے پیچھے چھپنے کے بجائے ذاتی حیثیت میں آکر جواب دینے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پی ایچ ایف میڈیا منیجر وقاص شیخ پاکستانی ہونے کی حیثیت سے نہ صرف اعلیٰ تربیت اور اخلاقیات کے حامل ہیں، بلکہ سیاسی اور منفی پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دینا بھی اچھی طرح جانتے ہیں۔


