Loading ...

News Leaks

لوڈ ہو رہا ہے...
بریکنگ نیوز

پی ایچ ایف گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مانسہرہ میں اسکولوں کو ہاکی کا سامان دیا گیا۔

مانسہرہ(نیوز لیکس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر “گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ انیشیٹو” کے تحت مانسہرہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع مانسہرہ تا کاغان تک کے 24 سے زائد سرکاری اسکولوں کی انڈر 15 ٹیموں میں ہاکی کا سامان اور مکمل کٹ بیگز تقسیم کیے گئے۔

یہ اقدام پاکستان ہاکی فیڈریشن، خیبر پختونخوا اسپورٹس بورڈ، محکمہ تعلیم اور کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے مانسہرہ کے مختلف اسکولوں میں انڈر 15 اسکول ہاکی ٹیموں کے قیام اور ان کی مضبوطی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری آئی پی سی زکاء اللہ خٹک تھے، جبکہ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال خٹک نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب میں پی ایچ ایف سیلیکشن کمیٹی ممبر اولمپین نعیم اختر، چیف کوچ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس کے پی کے شفقت اللہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر، پرنسپل جی ایچ ایچ ایس نمبر 01 مانسہرہ، مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اولمپینز، پی ایچ ایف اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے نمائندگان سمیت کھیل سے محبت کرنے والوں، کوچز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر حکام نے بتایا کہ جنوری 2027 میں “انڈر 15 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ” کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے اگلے مراحل میں ایبٹ آباد سمیت کے پی کے کے دیگر اضلاع، فیصل آباد، جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان تک کٹس کی تقسیم اور پروگرام کو وسعت دی جائے گی۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد اسکول کی سطح سے ہی بچوں کو ہاکی کی جانب راغب کرنا، باقاعدہ تربیت فراہم کرنا اور گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ تلاش کر کے قومی ٹیم کے لیے ایک مضبوط نرسری تیار کرنا ہے۔ کھلاڑیوں، اسکول انتظامیہ اور اسپورٹس حکام نے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور حکومت کے اس کاوش کی بھرپور سراہنا کی اور اسے قومی کھیل کی بحالی کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔

Share the Post:

Related Posts

Scroll to Top