لاہور(نیوز لیکس)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی کھیل ہاکی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر فروغ دینے اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے لاہور ریجن کے تمام ڈسٹرکٹس کے اسکولوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کیا گیا۔
تقریب میں پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈی جی طارق قریشی، کو آرڈینیٹر سپورٹس منسٹر پنجاب انوش کھوکھر، فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ملک اکبر، اولمپین خواجہ جنید،اولمپین ثقلین، کوآرڈینیٹر لاہور طارق کھوکھر، پی آر او بابر پاشا کے علاوہ مختلف اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کے شاندار ماضی کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسکولوں کی سطح سے ہی بچوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات اور موقع فراہم کیے جائیں۔ اسکولوں میں ہاکی اسٹکس اور دیگر سامان کی فراہمی کا بنیادی مقصد طلبہ میں کھیل کا شوق پیدا کرنا، گراس روٹ سے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنا اور مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنا ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے کھیلوں کے فروغ میں نرسری کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اس نوعیت کے مثبت اقدامات سے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر کھیل کے میدانوں کی طرف راغب کرنے اور قومی کھیل کو دوبارہ مقبول بنانے میں بھرپور مدد ملے گی۔
تقریب کے اختتام پر لاہور ریجن کے اسکولوں کے نمائندوں میں ہاکی کا مکمل سامان تقسیم کیا گیا۔ مقامی تعلیمی و سماجی حلقوں نے پی ایچ ایف کے اس اقدام کو لاہور ریجن سمیت ملک میں ہاکی کے روشن مستقبل اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انتہائی اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا

