0

قوم کو چند دنوں میں بجلی کی قیمت کم کرنے کی خوش خبری دوں گا۔وزیر اعظم پاکستان

اسلام آباد (نیوز لیکس)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت و زراعت ترقی نہیں کرسکتیں، قوم کو چند دنوں میں بجلی کی قیمت کم کرنے کی خوش خبری دوں گا، چند دن بعد پانچ سالہ معاشی پلان بھی پیش کروں گا۔

جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پر خدا کا بے پناہ کرم ہے کہ اس نے ہمیں آزادی عطا فرمائی، قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے بڑی قربانیاں دیں تب کہیں جاکر پاکستان وجود میں آیا، غازیان اور شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 77 سال میں ہمارا سفر بحیثیت قوم قابل رشک نہ ہوسکا، اس میں کئی حادثات ہوئے، قومی وجود پر کئی کاری ضربیں لگیں، اقتدار کی کشمکش، اندرونی و بیرونی سازشیں ہماری اپنی غلطیاں اور مفاد پرستی جیسے عناصر سب اس میں شامل تھے، بدقستمی سے معیشت سمیت دیگر شعبوں میں بھی زوال آتا رہا اور ہم ہچکولے کھاتے رہے آج ہم سب کو محاسبے کی ضرورت ہے اور اس سے سبق حاصل کرکے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے بلوں سے عوام پریشان ہے، ہم یہاں تک کیوں پہنچے اس کا جواب بھی ہمیں تلاش کرنا ہوگا، اگر یہاں سب اچھا نہیں ہے تو سب کچھ برا بھی نہیں ہے ایسے لوگ بھی پیدا ہوئے جنہوں ںے وطن کو ایٹمی طاقت بنایا، دشمنوں ںے پیش گوئی کی کہ یہ وطن تین سال سے زائد نہیں چلے گا اور آج وطن 77 سال بعد بھی وطن قائم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں