اسلام آباد: پاکستان کے تائیکوانڈو کھلاڑیوں نے تاریخ میں پہلی بار ایشین لیول کے انٹرنیشنل ایونٹ میں کامیابیوں کے ریکارڈز بناتے ہوئے پہلی پوزیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
انڈونیشیا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 14 سے 17 اکتوبر تک تنگیرانگ میں کھیلی گئی چھٹی ایشین تائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ میں پاکستان نے 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برونز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، قازقستان نے دوسری جبکہ ملائیشیا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ایشین تائیکوانڈو یونین کی جانب سے پاکستان کو ایونٹ کی بہترین ٹیم قرار دیا گیا، پاکستان کے شاہ زیب خان کو سب سے زیادہ پوائنٹس اسکور کرنے پر چیمپئین شپ کا بیسٹ ایتھلیٹ اورماسٹریوسف کرامی کو بہترین کوچ کا اعزاز دیا گیا۔
آج کھیلے گئے 58 ویٹ کیٹیگری کے فائنل میں پاکستان کے ہارون خان نے اپنے ہم وطن ابوبکر صدیق کو 6-4 اور9-7 کے فرق سے شکست دیکر گولڈ میڈل جیت لیا۔
خواتین کی +73 کیٹیگری فائنل میں پاکستان کی منیشہ علی نے انڈونیشیا کی پرماتا سری (Parmata Sri) کو 4-1 اور 8-2 سے شکست دیکر پاکستان کیلئے طلائی تمغہ جیت لیا۔
دریں اثناء پاکستان تائیکوانڈوفیڈریشن کے پیٹرن انچیف کم کو بونگ نے قومی تائیکوانڈو ٹیم کی تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں، کوچز اورٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے پاکستان میں تائیکوانڈو کے کھیل کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ، سی ای او عمر سعید اور ان کی پوری ٹیم کی کئی سالوں کی انتھک محنت کی بدولت آج پاکستانی ٹیم کو ایشین چیمپئین شپ کی سب سے بہترین ٹیم بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
سندھ تائیکوانڈو کے صدر کامران قمر قریشی سمیت تمام عہدیداران نے کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی یے